جعفرخان مندوخیل 9

گوادر سٹی گیٹ وے پاکستان کو عالمی اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کے عالمی مرکز میں بدل دیگا،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم پاکستان اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے حوالے سے زیادہ پرامید ہیں۔

گوادر پورٹ کی حقیقی ترقی اور فعالیت ایک خاموش معاشی انقلاب بن کر ابھرے گا۔ گوادر پورٹ ایک ایسا گیٹ وے ہے جو پاکستان کو عالمی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے عالمی مرکز میں بدل دیگا۔ سینٹرل ایشیا سے لیکر جنوبی ایشیا تک اور پورے مشرق وسطیٰ میں پاکستان ایک پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو پورے خطے کی معاشی منڈیوں، ثقافتوں اور صنعتوں کو آپس میں مربوط کریگا۔ ہماری یہ سیاسی و معاشی بصیرت محض انفراسٹرکچر نہیں ہے بلکہ یہ اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کیلئے ایک دانشمندانہ پیشرفت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چائنا کے قائمقام قونصل جنرل(Mr. Feng Deheng) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پولٹیکل ڈائریکٹر (Mr. Zhang Song) اور (Mr. Wang Zhaoxiang) بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سیاسی اور سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا چکے ہیں۔ شراکت داری کی یہ طویل تاریخ دونوں ممالک پاکستان اور چائنا کی پائیدار دوستی اور طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہے جو کئی دہائیوں کی ترقی، مختلف چیلنجز اور باہمی اعتماد میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اب ہماری بھرپور توجہ صوبہ کے روشن مستقبل پر بھی مرکوز ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ چائنا آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی میں بہت وسیع علم و تجربہ رکھتا ہے۔ چین کے یہی ایکسیلینس اور مہارت بلوچستان میں ایک نسل کی تشکیل میں مدد اور فکری رہنمائی کر سکتی ہے۔ چین ہماری پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ذریعے، ہم طلبا کیلئے عالمی معیار کی تعلیم کو محفوظ بنا سکتا ہے اور انہیں جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق جدید مہارتوں سے آراستہ کر سکتا ہے۔

اسطرح اسکالرشپ اور نئے تعلیمی مواقع کے حوالے سے چائنا ہمارے نوجوانوں کو کامیابی و کامرانی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔ ملاقات کے دوران چائنا کے قائمقام قونصل جنرل(Mr. Feng Deheng) نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی سفارتی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً نصف صدی کے بعد امریکہ اور ایران دونوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب حاصل کی۔ اس سفارتی کارنامے نے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کا قد بلند ہوا بلکہ سفارتکاری کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔ چائنا اس بات میں دلچسپی لیتا ہے کہ پورا بلوچستان گوادر سے لیکر ڑوب تک کا انفراسٹرکچر مضبوط ہو، معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے قابل ہو اور بلوچستان کے لوگوں کے معیار زندگی میں پائیدار ترقی ہو۔ جس پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے چینی حکومت اور چینی عوام دونوں شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چائنا کے درمیان عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں