اٹارنی جنرل 167

کلبھوشن یادیوسے متعلق قانون سازی سے بھارتی عزائم ناکام ہوگئے،اٹارنی جنرل

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق قانون سازی کرکے بھارت کے عزائم ناکام بنادئیے ہیں۔

جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے اپوزیشن کو کلبھوشن یادیو کے معاملے پرتفصیلی بریفنگ کی پیشکش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قانون سازی کا فیصلہ حکومت کی قانونی ٹیم اور سکیورٹی اداروں نے کیا اور اس سے پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی سازش اب ناکام ہوگئی ہے۔ اٹارنی جنرل نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر بھارت دوبارہ عالمی عدالت انصاف،سلامتی کونسل جانا چاہتا تھا لیکن بھارت کی پاکستان پر پابندیاں عائد کرانے کی کوشش سبوتاژ ہوگئیں۔ کلبھوشن پاکستانیوں کا قاتل اور بھارتی جاسوس ہے اور یہ قانون سازی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق کی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کارروائی بھی اسی قانون کے تحت ہو رہی ہے اورعالمی عدالت انصاف نے کہا تھا کہ پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریاں ہیں۔عالمی عدالت انصاف نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کی ہدایت نہیں کی تھی اوراس فیصلے پرعملدرآمد کا طریقہ پاکستان پر چھوڑا تھا۔ اٹارنی جنرل پاکستان نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے مشین کا انتخاب الیکشن کمیشن کرے گا اورحکومت صرف معاونت کرے گی۔ انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن کو جن ترمیم پر تحفظات تھے وہ مخر کردی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کبھی ٹیکنالوجی کے استعمال سے انکار نہیں کیا اوران کو صرف طریقہ کار پر تحفظات تھے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور سمندر پار پاکستانیوں والا بل منظور ہوا ہے،قانون سازی کے ذریعے تارکین وطن کی ووٹنگ کیلئے گنجائش پیدا کی گئی تاہم ووٹنگ کرانے کے طریقہ کار کا صوابدیدی اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ہونے والی ترامیم آئین کے مطابق ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں