چین 16

چین اور ایکواڈور کے درمیان تعاون مستحکم انداز میں آگے بڑھا ہے، چینی وزیراعظم

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر موجود ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا سے ملاقات کی۔

بدھ کے روز لی چھیانگ نے کہا کہ رواں سال چین اور ایکواڈور کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے مختلف شعبوں میں تعاون مستحکم انداز میں آگے بڑھا اور متعدد نئی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ گزشتہ روز صدر شی جن پھنگ نے صدر نوبوا سے ملاقات کی اور چین۔ایکواڈور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے آئندہ تعاون کی منصوبہ بندی کی۔

انہوں نے کہا کہ چین ایکواڈور کے ساتھ اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھانے، چین۔ایکواڈور آزاد تجارتی معاہدے پر بہتر عمل درآمد جاری رکھنے، دونوں ممالک کی اقتصادی تکمیلی خصوصیات سے فائدہ اٹھانے اور دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے کا خواہاں ہے۔ اس کے ساتھ توانائی، معدنی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر سمیت روایتی شعبوں میں تعاون کو مستحکم اور وسعت دینے جبکہ فائیو جی اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور مزید عملی نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین ایکواڈور سے مزید معیاری زرعی اور غذائی مصنوعات درآمد کرنے کا خواہاں ہے، باصلاحیت چینی کاروباری اداروں کو ایکواڈور میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے گا اور امید ہے کہ ایکواڈور چینی کاروباری اداروں کے جائز اور قانونی حقوق و مفادات کا تحفظ کرے گا۔ دونوں ممالک کو آفات سے بچاؤ، تعلیم، صحت اور ثقافتی و عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہو۔

اسی روز چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لہ جی نے بھی بیجنگ میں ایکواڈور کے صدر نوبوا سے ملاقات کی۔چاؤ لہ جی نے کہا کہ چین کی قومی عوامی کانگریس ایکواڈور کی کانگریس کے ساتھ مختلف سطحوں اور شعبوں میں دوستانہ روابط مضبوط کرنے، قانون سازی، نگرانی اور حکمرانی کے تجربات کے تبادلے کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے عملی تعاون کے لیے قانونی ضمانت فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں