بلاول 7

بلاول بھٹو کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، پارلیمانی امور، ملکی سیاست پر گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر موجود تھے۔قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخوندزادہ حسین بھی ملاقات میں شریک تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن موجود تھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین کے درمیان پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال ہوا، بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین سے درخواست کی کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کریں۔

اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، پاکستان پیپلزپارٹی اور قائدین حزب اختلاف نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین سے کہا کہ آپ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں۔بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری روایت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں