جنرل ہسپتال 368

چیف سینٹری انسپکٹرجنرل ہسپتال طارق محمود خان کی ریٹائرمنٹ پر تقریب کا انعقاد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال کے چیف سینٹری انسپکٹر طارق محمود خان 40 سال تک اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے بعد اور مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں۔

پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن نے ان کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق، ایسوسی ایشن کے صدر رانا پرویز، انتظامی ڈاکٹرز سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سبکدوش ہونے والے طارق محمود خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے طارق محمود کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازم کیلئے باعزت طور پر ریٹائر ہونا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ محنت ولگن کے ساتھ فرائض منصبی کی ادائیگی ہی سرکاری ملازم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے جسے طاروق محمود خان نے بطور چیف سینٹری انسپکٹر بخوبی نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو چاہیے کہ وہ ڈسپلن، خوش اخلاقی اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں تا کہ دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت سنوار سکیں۔

ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز کا کہنا تھا کہ طارق محمود خان نے دوران ملازمت جنرل ہسپتال کی بہتری، وقار اور معیار کو بلند کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔طارق محمود نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ ٹیم ورک کے بغیر کوئی ادارہ مضبوط یا ترقی نہیں کر سکتا۔ مجھے ایل جی ایچ کے پیرامیڈکس پر فخر ہے کہ انہوں نے ہر چیلنج سے بخوبی نمٹنے کے لئے فرنٹ فٹ پر رہ کر احسن انداز میں کام کیا جس کی بدولت ایل جی ایچ کا گراف مزید بڑھا۔ انہوں نے تمام ملازمین سے اپیل کی کہ زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے ایمانداری اور محنت کے ساتھ کام کریں جس کا کسی نہ کسی دن صلہ ضرور ملتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر پروفیسر الفرید ظفر اور ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق نے ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے ہمراہ طارق محمود خان کو پھول پیش کئے اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت، تندرسی اور محفوظ مستقبل کے لئے دعا کی۔ سجاد خان، ملک حنیف، عرفان عرف گڈو، عامر، ابرار، الیاس،خالد رانااور ارشاد سمیت دیگر ملازمین نے بھی طارق محمود کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج کے دورمیں ایسے بہت کم لوگ ہیں جو اپنے کام سے مخلص اور لگاؤ رکھتے ہیں اور ہم بھی انکے طویل تجربے سے بھرپور استفادہ کر تے ہوئے ایل جی ایچ کی نیک نامی اور مریضوں کی اعلی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں