سید یوسف رضا گیلانی 84

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کی 77ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کیپٹن سرور شہید نے لازوال قربانی دے کر حب الوطنی، دلیری اور ایثار کی ایک روشن مثال قائم کی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 1948ء کی جنگ میں اوڑی سیکٹر میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے والے کیپٹن سرور شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ملک کی بنیادوں کو استحکام بخشا، ان کی قربانی آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، وفاداری اور قربانی کا سبق ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی ضامن ہیں، ہم اپنے ان بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنا آج قربان کر دیا تاکہ ہم ایک پرامن کل دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں بلکہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور ان کے نقشِ قدم پر چل کر قومی ترقی و دفاع کو مضبوط بناتی ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پوری قوم کو کیپٹن سرور شہید جیسے جری سپاہیوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنا خون دے کر ہماری آنے والی نسلوں کو آزادی کی نعمت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں