بابر اعظم 54

پی ایس ایل 11کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 11کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا گیا ، جس میں ٹائٹل جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو شاندار بیٹنگ اور قیادت کے باعث ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے تین، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو، دو جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک، ایک کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم کا انتخاب معروف کمنٹری پینل کے پانچ رکنی جیوری نے کیا جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک الگ ایمرجنگ ٹیم بھی منتخب کی گئی۔پی ایس ایل 11کے میچز 26مارچ سے 3مئی تک لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے، جن میں مجموعی طور پر 44 مقابلے ہوئے۔بابر اعظم نے بطور اوپنر کھیلتے ہوئے 588رنز بنا کر حنیف محمد کیپ اپنے نام کی اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے،

انہوں نے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی فخر زمان کے 2022ء کے کارنامے کے برابر کر دیا، بابر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف دو سنچریاں بھی اسکور کیں۔پشاور زلمی کے دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس اور صوفیان مقیم بھی ٹیم میں شامل ہیں، مینڈس نے 550رنز سکور کیے اور بطور وکٹ کیپر 8شکار بھی کیے جبکہ صفیان مقیم نے 22وکٹیں لے کر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور بہترین بالر کا اعزاز حاصل کیا۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عثمان خان، حسن خان اور ایمرجنگ پلیئر حنین شاہ ٹیم کا حصہ بنے، لاہور قلندرز کے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث جگہ بنائی۔ملتان سلطانز کے شان مسعود 367رنز کے ساتھ ٹیم میں شامل کیے گئے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے آل رائونڈ کارکردگی کے باعث ٹیم میں جگہ بنائی، ان کے ساتھ رچرڈ گلیسن بھی شامل ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا، جنہوں نے 291رنز اسکور کیے، یہ ٹیم پی ایس ایل 11میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا بہترین مجموعہ قرار دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں