کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے پْرعزم پیغام میں کہا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ میں کوئی کوتاہی، غفلت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سندھ کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح اور قومی ذمہ داری ہے، جس کے لیے مسلسل ویکسینیشن اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک اور ناقابلِ علاج مرض ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس بیماری اور اس کے نتیجے میں ہونے والی معذوری سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ سندھ کا کوئی بچہ پولیو کے خطرے سے دوچار نہ رہے اور ہر بچے تک حفاظتی ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے آخری دو ممالک ہیں جہاں جنگلی پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، تاہم حساس علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی بدستور ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔
اس خطرے کا مکمل خاتمہ مسلسل انسدادِ پولیو مہمات، عوامی تعاون اور ہر سطح پر ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے سے ہی ممکن ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے والدین سے پْرزور اپیل کی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر اپنے ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر مہم میں پلائے جانے والے قطرے بچوں کے محفوظ مستقبل اور ملک سے پولیو کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہیں، اس لیے کسی بھی بچے کو ویکسین سے محروم نہ رکھا جائے۔انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کارکن انتہائی مشکل حالات میں قومی خدمت انجام دے رہے ہیں اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں۔
عوام کو چاہیے کہ وہ پولیو ورکرز پر اعتماد کریں، ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ہر گھر تک ویکسین کی رسائی ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ”ایک دن، ایک مقصد، پولیو کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ” محض ایک عالمی پیغام نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر یہ عہد کیا جائے کہ سندھ کا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ محفوظ سندھ، صحت مند پاکستان اور پولیو سے پاک مستقبل کے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








