لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی اجاگر کرنے اور اس مرض میں مبتلا خواتین کی مدد کیلئے خصوصی اقدام کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں 25اکتوبر کو لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مختص کیا جائے گا جبکہ پاکستانی ٹیم اس موقع پر خصوصی گلابی کٹ زیب تن کریگی،پی سی بی اور پنک ربن کے اشتراک سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد چھاتی کے کینسر کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس مرض سے متاثرہ خواتین کی معاونت کرنا ہے۔
اس اقدام کے تحت پی سی بی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی دستخط شدہ خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا بھی اعلان کیا ہے۔ نیلامی کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور اسٹار بلے باز بابر اعظم کی دستخط شدہ شرٹس پیش کی جائیں گی۔نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر میں مبتلا ان خواتین کے علاج کے لیے استعمال کی جائے گی جو مالی مشکلات کے باعث علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتیں۔اس مہم کے ذریعے کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی دستخط شدہ شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اہم سماجی مقصد میں حصہ لینے اور مستحق خواتین کے علاج میں تعاون کرنے کا موقع بھی ملے گا۔









