پشاور زلمی 46

پشاور زلمی کی کامیابی،جاوید آفریدی کا کھلاڑیوں اور فینز کو خراجِ تحسین

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سپر لیگ سیزن 11کی ٹائٹل کامیابی کے بعد چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا پر فینز اور ٹیم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ بطور چیئرمین پشاور زلمی آج کا دن میرے لیے محض ایک فتح نہیں بلکہ فخر، جذبے اور شکرگزاری کا ایک بھرپور اظہار ہے۔ پاکستان سپر لیگ سیزن 11کا ٹائٹل جیتنا ایک یادگار سنگِ میل ہے مایسا سفر جس میں عزم، یقین اور ہر لمحہ بہترین دینے کی لگن شامل رہی۔یہ کامیابی سب سے پہلے ہمارے کھلاڑیوں کے نام ہے۔

انہوں نے ابتدا ہی سے اپنے مقصد کو پوری وابستگی کے ساتھ اپنایا۔ ان کی ڈسپلن، مستقل مزاجی اور ٹیم ورک نے ایک خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ یہ جیت ان کی محنت کا حقیقی صلہ ہے۔جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ میں خاص طور پر اپنے کپتان بابر اعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے نہ صرف قیادت کی بلکہ فرنٹ سے مثال قائم کی اور ٹورنامنٹ کے نمایاں ترین بیٹر کے طور پر اپنی کلاس ثابت کی۔ ان کا اعتماد، وقار اور اندازِ قیادت واقعی قابلِ تعریف ہے۔ہماری کوچنگ اسٹاف اور سپورٹ ٹیم اس کامیابی کی بنیاد ہیں۔ ان کی منصوبہ بندی، باریک بینی اور انتھک محنت نے کھلاڑیوں کو نکھرنے کا بہترین پلیٹ فارم دیا۔ میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دل سے سراہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کا بھی خصوصی شکریہ جنہوں نے پورے سیزن میں مضبوط قیادت اور بہترین رہنمائی فراہم کی۔میں دل کی گہرائیوں سے محسن نقوی اور سلمان نصیر اور پوری پی ایس ایل انتظامیہ کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود ایک شاندار ٹورنامنٹ کو ممکن بنایا اور کروڑوں شائقین کو خوشی فراہم کی۔ہمارے اسپانسرز اور پارٹنرز آپ کا اعتماد اور ساتھ ہماری کامیابی کا اہم حصہ ہے۔ یہ ٹائٹل آپ سب کے نام بھی ہے اور ہمارے جذبہ سے بھرپور زلمی فینز آپ کی توانائی، محبت اور یقین نے ہمیں ہر قدم پر مضبوط بنایا۔ آپ ہی اس ٹیم کی اصل طاقت ہیں، اور یہ ٹرافی جتنی ہماری ہے اتنی ہی آپ کی بھی ہے۔ہم نے اپنے معیار بلند رکھے، اپنے عزم پر قائم رہے اور آج ہم سب مل کر چمپئن بن کر ابھرے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں