مراد علی شاہ 38

پاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مراد علی شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، جس کا پوری قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر جواب دیا، چند گھنٹوں میں بھارت کو ایسا جواب ملا کہ اسے اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہو گیا، پوری قوم اس وقت متحد تھی اور حالات کا بھرپور مقابلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک آپریشن شروع کیا اور اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جبکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بھارت نے فوجی کارروائی کی، لیکن پاکستانی افواج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ یہ طیارے بھارت کے لیے فخر سمجھے جاتے تھے، لیکن اصل اہمیت ان کے پائلٹس کی صلاحیت کی ہوتی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دیہات کے علاقوں میں بھی لوگ دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنا رہے تھے، جبکہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی تیاری زیادہ مؤثر ثابت ہوئی، بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈہ کیا اور یہ تاثر دیا کہ کراچی پورٹ کو نشانہ بنایا گیا، جو درست نہیں تھا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ 1947 سے جاری ہے، اور پاکستان نے ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اختیار کی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی حیثیت منوائی ہے اور دنیا میں ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرا ہے، پاکستان نے مختلف عالمی معاملات میں بھی اہم کردار ادا کیا، اور بعض مواقع پر امریکا اور ایران کو بھی ایک میز پر لانے میں مدد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں