اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی پارلیمان کے قیام کے 78 سال مکمل ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے پہلی قومی اسمبلی کے اراکین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون ساز اسمبلی کا قیام بانیانِ پاکستان کی جمہوری سوچ کا عکاس ہے، پارلیمان کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ بانیانِ پاکستان کا لگایا ہوا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے، پارلیمان کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس عوامی امنگوں کا عملی اظہار تھا، پارلیمان 25 کروڑ عوام کا نمائندہ ادارہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بروقت اور مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے، ایوان کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے شفافیت و اصلاحات پر عمل جاری ہے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ جمہوریت و پارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا، پارلیمان میں تمام عوامی، سیاسی و معاشی مسائل کا اجتماعی فیصلہ سازی سے دیر پا حل نکالا جاتا ہے۔
انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو پارلیمانی نظام سے روشناس کرانے کیلئے انٹرنشپ پروگرام جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام تک بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے قومی اسمبلی میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے، پاکستان کی پارلیمان 2015 سے مکمل شمسی توانائی پر چلنے والی دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی نظام کے تسلسل اور آئینی اداروں کی بالادستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، موجودہ پارلیمان آئین و قانون کی روشنی میں عوامی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔









