معاشی ترقی 12

پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح نظرثانی کے بعد 3.65 فیصد رہ گئی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح مالی سال 2026ء کے لیے نظرثانی کے بعد 3.70 فیصد سے کم کرکے 3.65 فیصد کردی گئی، جبکہ مالی سال 2025ء کی شرح نمو بھی 3.18 فیصد سے گھٹ کر 3.11 فیصد رہ گئی۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026ء کی آخری سہ ماہی میں معاشی ترقی کی رفتار نمایاں طور پر سست ہوئی اور شرح نمو صرف 2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں معاشی ترقی کی شرح 3.89 فیصد تھی، جو دوسری سہ ماہی میں بڑھ کر 4.31 فیصد اور تیسری سہ ماہی میں 4.42 فیصد تک پہنچ گئی، تاہم چوتھی سہ ماہی میں یہ کم ہوکر 2 فیصد رہ گئی۔شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026ء کے دوران زرعی شعبے نے 3.50 فیصد، صنعتی شعبے نے 3.34 فیصد اور خدمات کے شعبے نے 3.81 فیصد ترقی کی۔

اس طرح خدمات کا شعبہ شرح نمو کے لحاظ سے دیگر دو بڑے شعبوں سے آگے رہا، جبکہ صنعتی شعبے کی کارکردگی نسبتاً کمزور رہی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کا مجموعی حجم بڑھ کر 126.4 ٹریلین روپے، یعنی 126.4 ہزار ارب روپے ہوگیا، جس کی ڈالر میں مالیت 450.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ملک میں فی کس آمدن 5 لاکھ 31 ہزار 897 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ ڈالر میں یہ آمدن 1,896 ڈالر رہی۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں