ملک محمد احمد خان 11

پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیق اور جدید سائنسی علوم سے وابستہ ہے، ملک محمد احمد خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، تحقیق اور جدید سائنسی علوم سے وابستہ ہے،نوجوان انجینئرز اور سائنسدانوں کو ایسے جدید اور قابلِ عمل حل تلاش کرنے چاہئیں جو ماحولیاتی آلودگی، پانی کی صفائی، موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی زندگی کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( یو ای ٹی)لاہور کے مرکزی آڈیٹوریم میں انٹرنیشنل ملٹی ڈسپلنری کانفرنس (IMC-2026)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع پائیدار ترقی کے لیے جدت: انجینئرنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی کا امتزاج تھا۔ کانفرنس میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور امریکہ سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے مندوبین، ماہرینِ تعلیم، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نوجوانوں پر ان کے خاندان، ملک، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ اس سرمایہ کاری کا تقاضا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ آنے والے وقت میں یہی نوجوان مختلف شعبوں میں قیادت سنبھالیں گے اور ان کے خیالات و اختراعات دنیا میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں گے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بنیادی مسائل میں صاف پانی کی فراہمی اور آبی وسائل کو آلودگی سے محفوظ رکھنا بھی شامل ہے۔ ہمارے دریا اور نہریں آلودگی کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ زیر زمین پانی کو آلودگی سے بچانے اور پانی صاف کرنے کے روایتی انجینئرنگ طریقے انتہائی مہنگے ثابت ہوتے ہیں۔

نوجوان انجینئرز کو چاہیے کہ وہ ایسے کم لاگت، جدید اور قابلِ عمل حل پیش کریں جو عام آدمی اور ملک کے لیے فائدہ مند ہوں۔انہوں نے مصنوعی ذہانت ( اے آئی)کے بڑھتے ہوئے استعمال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ انسان اپنی سوچ اور فیصلہ سازی کے لیے مشینوں پر ضرورت سے زیادہ انحصار کرنے لگے۔ مصنوعی ذہانت سے استفادہ ضرور کیا جائے، تاہم انسانی فکر، تخلیقی صلاحیت اور تنقیدی سوچ کو محدود نہیں ہونا چاہیے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ میں ٹیکنالوجی اور مشینوں کی تباہ کن صلاحیتوں کا مظاہرہ دنیا دیکھ چکی ہے۔ آج دنیا کو ایسے انجینئرز، سائنسدانوں اور محققین کی ضرورت ہے جو جدید ٹیکنالوجی کو انسانیت کے تحفظ، ماحول کی بہتری اور ایک محفوظ مستقبل کی تعمیر کے لیے استعمال کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور مصنوعی ذہانت مستقبل میں روزگار، معاشی ڈھانچے اور جنگی حکمت عملیوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کرے گی۔ ایسے حالات میں نوجوان محققین کو محض مشینوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی فکری اور تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ملک محمد احمد خان نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی امیدیں پاکستان کے نوجوانوں کے خوابوں سے وابستہ ہیں۔

آج یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم نوجوان آنے والے بیس برسوں میں ملک کی قیادت اور مختلف شعبوں کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہیں بڑے خواب دیکھنے اور ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے محنت، تحقیق اور جدت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غربت، ناخواندگی، بے روزگاری اور سیاسی و معاشی عدم استحکام جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومتیں عوام تک وسائل پہنچانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں، تاہم پائیدار ترقی کے لیے سیاسی استحکام اور معاشی استحکام بھی ناگزیر ہیں۔ نوجوانوں کو مستقبل کے ایسے حل تلاش کرنے ہوں گے جو ان مسائل کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ انہیں نوجوان انجینئرز سے توقع ہے کہ ان میں سے ایسے باصلاحیت افراد سامنے آئیں گے جو دنیا کو زیادہ محفوظ، ماحول کو صاف اور معاشرے کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ یہی جدید تحقیق، جدت اور سائنسی ترقی کا اصل مقصد ہونا چاہیے۔آخر میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کانفرنس کے منتظمین، وائس چانسلر، اساتذہ، ملکی و غیر ملکی مندوبین اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں