سید یوسف رضا گیلانی 12

پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور ہنر مندی کے بہتر مواقع فراہم کرنے سے وابستہ ہے، چیئر مین سینٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آبادی میں تیز رفتار اضافہ کے چیلنج سے نمٹنے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کا ذریعہ بنانے کے لئے قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور ہنر مندی کے بہتر مواقع فراہم کرنے سے وابستہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ورلڈ پاپولیشن ڈے 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ایک چیلنج بھی ہے اور ایک موقع بھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 65 فیصد سے زیادہ آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو ایک قیمتی ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ ہے تاہم اس سے بھرپور فائدہ صرف انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے ذریعے ہی اٹھایا جا سکتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ صحت، تعلیم، روزگار، آبی وسائل اور ماحولیات پر دبا بڑھا رہا ہے، اس لئے آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی اقتصادی اور ترقیاتی حکمت عملی کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی کو ماں اور بچے کی بہتر صحت، غربت میں کمی اور پائیدار ترقی کے حصول کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاقِ رائے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ذمہ دارانہ آبادی کی منصوبہ بندی اور مثر پارلیمانی نگرانی کے لئے قانون سازی اور پالیسی اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے سیاسی و مذہبی رہنماں، سماجی شخصیات اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ عوامی آگاہی پیدا کرنے اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق غلط فہمیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے وزارتِ قومی صحت، صوبائی حکومتوں، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) اور ترقیاتی شراکت داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے پاکستان اپنی آبادی کو قومی ترقی اور خوشحالی کی طاقت میں تبدیل کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں