بلاول بھٹو زرداری 18

بلاول بھٹو زرداری کا اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی اربن فلڈنگ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث پیدا ہونے والی اربن فلڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نشیبی علاقوں میں فوری امداد، انخلا، نکاسی آب اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا اور انہیں بروقت امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ کسی بھی شہری کو موسمیاتی ہنگامی صورتحال کے سامنے بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اسلام آباد کے مضافات اور راولپنڈی کی پسگردائی کے دیہاتی علاقے بھی حکومتی توجہ اور امداد کے منتظر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر سیاسی مصلحت سے بالاتر ہونا چاہیے،بارش اور سیلاب صوبوں، شہروں یا سیاسی وابستگیوں میں امتیاز نہیں کرتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ موسمیاتی بحران کی بڑھتی ہوئی شدت اور تواتر ایک قومی چیلنج ہے،اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور نمائشی اقدامات کے بجائے پائدار بندوبست کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے مؤثر پیشگی تیاری، مضبوط انفراسٹرکچر، مؤثر نکاسی آب کے نظام اور مربوط ڈیزاسٹر مینجمنٹ ناگزیر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں