مراد علی شاہ 13

پاکستان چاروں صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے چاروں صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، سندھ پاکستان بنانے والے بانی صوبوں میں شامل ہے اور ملک کی سلامتی و یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ متحد قوم اور مضبوط مسلح افواج کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، اگر پاکستان، سندھ یا کراچی کی طرف کسی نے بری نظر سے دیکھا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔کراچی میں ”سلام کراچی” فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یوم آزادی، یوم دفاع، یوم شہداء اور یوم فضائیہ کی مناسبت سے پندرہ روزہ تقریبات کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے، کراچی روشنیوں کا شہر اور پاکستان کا روشن ستارہ ہے، سندھ اور کراچی نے ہمیشہ ملک کی ترقی، استحکام اور جمہوری جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو پاکستان بنانے والے بانی صوبوں میں شمار کیا جاتا ہے، 1938ء میں سندھ مسلم لیگ نے اہم قرارداد منظور کی جبکہ 1943ء میں سندھ اسمبلی نے پاکستان کے حق میں قرارداد منظور کی، بعد ازاں 26 جون 1947ء کو سندھ کے نمائندوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چاروں اکائیوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور پوری قوم نے مل کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، آج بھی قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2025ء کو بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی کوشش کی تاہم مسلح افواج نے بھرپور جواب دیا اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان، صحافی، کسان، مزدور، سیاستدان اور معاشرے کے تمام طبقات متحد ہو کر کھڑے ہوں تو کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر منفی تاثر پیدا کرنے کی کوششوں کا بھی مؤثر جواب دیا گیا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھی سفارتی محاذ پر پاکستان کا نام روشن کیا تھا، بلاول بھٹو زرداری نے اسی انداز میں دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ جب قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہو تو پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ہوسکتا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ”سلام کراچی” فیسٹیول کے ذریعے شہر کے تاریخی، ثقافتی اور قومی تشخص کو اجاگر کیا گیا۔ پندرہ روز تک جاری رہنے والی تقریبات میں یوم آزادی کے ساتھ یوم دفاع، یوم شہدا اور یوم فضائیہ کو بھی شامل کیا گیا، جو شہریوں کے لیے تفریح کے ساتھ قومی جذبے اور حب الوطنی کے فروغ کا ذریعہ بنیں۔

انہوں نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، بلدیہ عظمیٰ کراچی، سٹی کونسل اراکین اور فیسٹیول کے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی فریئر ہال میں اختتامی تقریب کا انعقاد اس بات کی علامت ہے کہ کراچی اپنی تاریخی شناخت اور ورثے سے جڑا ہوا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی صرف سندھ کا دارالحکومت نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاشی مرکز ہے، اس شہر کے شہریوں کو اپنے شہر پر فخر ہے، ہمیں مل کر کراچی کو امن، ترقی اور خوشحالی کا شہر بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں