اسحاق ڈار 17

پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، اسحق ڈار

لندن (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران تنازعہ میں بھرپور سفارتی کوششیں کیں اور دونوں ملکوں کو ایک میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کرچکا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے گزشتہ سال شاندار بہادری کا مظاہرہ کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام سے پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں اب استحکام آچکا ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد اب حکومت کی توجہ ترقی اور شرح نمو پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی سے فی کس آمدنی اور میعار زندگی بہتر ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے دولت مشترکہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو 2017 کے معاشی اشاریوں تک لے جانا ہے، پاکستان کو دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجیٹل میں آچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں