اسحق ڈار 8

پاکستان ایسے مستحکم افغانستان کا خواہاں ہیجو اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ امن سے رہے،اسحاق ڈار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور اپنے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے،خود مختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہمارے رہنما اصول ہیں،خطے میں معاشی ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے اور درپیش چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہو گا، باہمی تعاون سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،خطے میں غیر یقینی صورتِ حال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے پیشِ نظر علاقائی روابط کو مستحکم بنانا چاہیے ۔اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود مختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہمارے رہنما اصول ہیں۔

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے حصول کے لیے پرعزم ہے، بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمارا خطہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث منفرد جغرافیائی اہمیت رکھتا ہے، یہ خطہ اہم منڈیوں، وافر قدرتی وسائل اور تجارت کی تاریخی بنیادوں کو یکجا کرتا ہے۔نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ جغرافیے نے ہمارے خطے کو منفرد برتری فراہم کی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس برتری کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوش حالی میں تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے 2025 میں ای سی او کی صدارت کرنے پر قازقستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ اور پائیدار ترقی پر قازقستان کی توجہ قابلِ تحسین رہی، قازقستان کی صدارت نے اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رکھنے اور تنظیم کے مستقبل کے لیے قابلِ قدر بنیاد فراہم کی۔نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے میں معاشی ترقی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے اور درپیش چیلنجز کا مل کر سامنا کرنا ہو گا، باہمی تعاون سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ خطے میں غیر یقینی صورتِ حال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے پیشِ نظر علاقائی روابط کو مستحکم بنانا ہو گا۔ اجلاس کے آغاز پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مہمانوں کا استقبال کیا، مہمان وفود کے سربراہان کی آمد کے بعد یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں