کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اداکارہ درفشاں سلیم کی اداکاری اور اسکرین پر ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے حالیہ ڈرامے میں میک اپ اور مصنوعی آرائش کے بغیر کام کیا، اس کے باوجود وہ انتہائی خوبصورت نظر آئیں۔عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ وہ درفشاں کے حوالے سے ایک بات کہنا چاہتی ہیں کہ اداکارہ نے اپنے حالیہ ڈرامے میں نہ میک اپ کیا، نہ لپ اسٹک لگائی، نہ مصنوعی پلکیں استعمال کیں اور نہ ہی بالوں کو کسی خاص انداز میں سنوارا۔
انہوں نے کہا کہ درفشاں کے لباس میں بھی کوئی غیر معمولی چیز یا فیشن کا خاص انداز دکھائی نہیں دیتا، اس کے باوجود وہ اسکرین پر بے حد خوبصورت نظر آتی ہیں۔سینئر اداکارہ کے مطابق یہ درفشاں کا اپنا کمال ہے کہ وہ سادہ انداز میں بھی نہایت پیاری دکھائی دیتی ہیں اور ان کا کردار بھی حقیقت سے قریب محسوس ہوتا ہے۔عتیقہ اوڈھو نے درفشاں کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک حقیقی کردار تخلیق کیا ہے۔ انہوں نے اداکارہ کو شاباش دیتے ہوئے بطور اداکارہ انہیں 10 میں سے 9 نمبر دیے۔









