نہال ہاشمی 10

ٹاول صنعت نے سالانہ 2 ارب ڈالر کی برآمدات سے عالمی شناخت قائم کی، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹاول صنعت سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کی برآمدات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی نمایاں شناخت قائم کرچکی ہے، تاہم معیار، جدید ٹیکنالوجی اور مسابقتی صلاحیت میں مزید بہتری کے ذریعے اس شعبے کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عشائیے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ٹاول روزمرہ زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، جو گھر گھر استعمال ہونے کے ساتھ کھلاڑیوں، مزدوروں اور معاشرے کے ہر طبقے کی ضروریات پوری کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن صنعت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور پاکستان کی عالمی تجارتی حیثیت مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں کاروباری برادری کی ہر ممکن خدمت کیلئے نمائندہ بنا کر بھیجا ہے، حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط اور مؤثر رابطہ ملکی معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔گورنر سندھ نے یقین دلایا کہ کاروباری اور صنعتی برادری کے مسائل کے حل اور صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کار اور تاجر برادری سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، جسے مزید سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے صنعت و تجارت کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نومنتخب چیئرمین ریحان چاولا کو گولڈ میڈل سے نوازا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں