مریم اورنگزیب 12

وزیراعلی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں دیوالی کی سرکاری سطح پر تقریبات، ہندو برادری کو مبارکباد، گرانٹس اور امدادی چیکس تقسیم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف اور میری جانب سے ہندو برادری سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

دیوالی خوشیوں، روشنیوں، محبت اور امید کا تہوار ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر آج میں آپ کے درمیان موجود ہوں۔ پنجاب میں تمام مذاہب کے لوگ اپنی مذہبی خوشیاں مکمل آزادی، تحفظ اور احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتیں نہ کہیں، یہ سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کے ہر شہری کی طرح ان کا بھی تمام وسائل، مواقع اور ترقیاتی منصوبوں پر برابر کا حق ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کا کوئی منصوبہ سماجی مساوات اور تمام شہریوں کی شمولیت کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ عید ہو، بیساکھی ہو یا دیوالی، تمام مذہبی تہواروں پر یکساں خوشیاں اور گرانٹس تقسیم کی جا رہی ہیں۔ پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر تحصیل اور ضلع کی سطح پر بھی اقلیتی تہوار منائے جا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں مریم نواز شریف جیسی وزیراعلی ملی ہیں جو بچوں کی صحت، ماحولیات، سفری سہولتوں اور عوام کی زندگی آسان بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ وہ ہر وقت پنجاب کے عوام اور بالخصوص اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچتی ہیں۔ گزشتہ اڑھائی برس میں وزیراعلی مریم نواز شریف نے ترقی، روشنی اور محبت کے بے شمار چراغ روشن کیے ہیں۔ ان تمام منصوبوں کی خود نگرانی اور موثر عملدرآمد یقینی بنانا ان کا طرہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا ایک وسیع جال بچھایا جا رہا ہے اور سماجی مساوات کے اصول کے تحت ہر منصوبے میں اقلیتی برادری کی شمولیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔

آج لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام مذاہب کے لوگ اپنے تہوار آزادی اور تحفظ کے ساتھ منا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو عوام اور پاکستان دونوں محفوظ ہوتے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی دفاعی اور سفارتی کامیابیوں پر فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت تمام متعلقہ قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔ میری دعا ہے کہ اس دیوالی کے موقع پر ہر گھر، ہر خاندان اور پورے پاکستان کو امن، سکون، عزت، خوشحالی اور محبت نصیب ہو۔صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اقلیتی برادری کو اپنے سر کا تاج قرار دیا ہے اور ان کی حکومت اقلیتوں کے تحفظ، مذہبی آزادی اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

نواز شریف کے دور میں کرتارپور راہداری کا تاریخی منصوبہ مکمل کیا گیا، جس کے لیے سکھ برادری نے 74 سال انتظار کیا۔ افسوس کہ بھارتی رویے اور پابندیوں کے باعث آج بھی سکھ یاتری کرتارپور صاحب کے درشن کے لیے ترس رہے ہیں۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے اقلیتی امور کے شعبے کو نئی رفتار دی ہے۔ پنجاب میں تاریخی مندروں اور مذہبی ورثے کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ہم عبادت گاہوں کو گرانے نہیں بلکہ انہیں بحال کرکے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنا رہے ہیں۔ 50 گوردواروں اور 100 گرجا گھروں کی بحالی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سوشل ہارمنی کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ مذہبی منافرت اور عدم برداشت پر مبنی رویوں کے خاتمے کے لیے بھی عملی کام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی نوجوانوں کو سول سروسز میں آگے لانے کے لیے تربیت اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہ پنجاب حکومت کی شمولیتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج گجرات میں ڈپٹی کمشنر کے منصب پر ایک مسیحی افسر خدمات انجام دے رہا ہے۔ اقلیتی برادری کو قومی ترقی اور فیصلہ سازی کے عمل میں برابر کا شریک بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے ایک لاکھ مینارٹی کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں 20 ہزار کارڈز خواتین کو دیے گئے ہیں۔ پنجاب میں چھ اقلیتی مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جا رہے ہیں۔ ای لرننگ فار فیتھ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں، تاریخی عمارتوں، شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں کی بحالی اور تزئین و آرائش پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

رحیم یار خان سے پہلی مرتبہ دیوالی ریلی کا انعقاد بھی اسی مثبت تبدیلی کا مظہر ہے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر علی مصطفی ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے خواب کو عملی شکل میں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ پاکستان امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغامبر ہے اور وزیراعلی مریم نواز شریف اسی وژن کی علمبردار ہیں۔ انہوں نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی ترقی، امن اور خوشحالی میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔تقریب کے اختتام پر ہندو برادری کے نمائندوں اور شرکا نے دیوالی کی خوشیاں منائیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہندو برادری کے مستحق افراد میں حکومتی گرانٹس اور امدادی چیکس تقسیم کیے۔ تقریب میں دیوالی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں