اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ جمہوریہ کے پرمسرت موقع پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ترک قوم کی عظیم جدوجہد، پختہ عزم اور تاریخی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات اخوت، محبت اور باہمی احترام کے لازوال رشتے پر قائم ہیں ، دونوں برادر ممالک کے عوام نے ہر مشکل گھڑی اور آزمائش میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ۔
انہوں نے صدر رجب طیب اردوان کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں ترکیہ نے تعمیر و ترقی اور عالمی استحکام میں مثالی کامیابیاں حاصل کیں۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسلام آبادتہران استنبول فریٹ ٹرین کی بحالی اور ایک مستقل تجارتی کوریڈور کا قیام علاقائی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاک ترک لازوال دوستی کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔








