حنیف عباسی 15

وزیر ریلوے کا آواران میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ ریاست دشمن عناصر کو ناکام بنائیں گے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کامیاب کارروائیاں ہمارے بہادر جوانوں کی اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مستعدی اور غیر متزلزل عزم کی واضح عکاس ہیں، قوم کے غیور اور بہادر سپوت وطنِ عزیز کے دفاع اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ فیصلہ کن جنگ جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے غیر متزلزل حوصلے اور اعتماد کا باعث ہیں، قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے تحفظ کی خاطر دی جانے والی قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں