سرفراز بگٹی 10

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ،بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی محبت، بھائی چارے، امن اور روشنیوں کا خوبصورت پیغام دیتی ہے۔

ایسے تہوار معاشرے میں باہمی احترام، رواداری اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں قومی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ہندو برادری نے بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔

بلوچستان میں تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہب و عقیدہ مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے جان و مال، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ نفرتوں اور تعصبات کو ختم کرکے محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے ہندو برادری کے لیے خوشیوں، سلامتی، ترقی اور کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں