اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم پاکستان نے کارگل معرکے (1999) کے ہیرو، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشانِ حیدر کے 27 ویں یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانی اور بے مثال شجاعت کو سراہا۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی انتہائی ناموافق حالات میں غیر معمولی بہادری اور لازوال قربانی، پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جو مادرِ وطن سے وفاداری اور شجاعت کی اعلی ترین روایات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وطنِ عزیز کا دفاع ایک مقدس فریضہ ہے، اور ارضِ پاک کے بیٹوں کی دی گئی عظیم قربانیاں ہی آج ہمارے امن اور خود مختاری کی ضامن ہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت اور پاکستان کے عوام کے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو درپیش کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کے خلاف وہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یہ عظیم قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری آزادی اور خود مختاری ہمارے شہدا کے مقدس خون کی مرہونِ منت ہے۔









