مصطفیٰ کمال 53

نرسنگ کالج کی منظوری کے بغیر طالب علم کسی ادارے میں داخلہ لینے سے گریز کریں،وزیر صحت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ نرسنگ کالج کی منظوری کے بغیر طالب علم کسی ادارے میں داخلہ لینے سے گریز کریں،سروائیکل کینسر کے خلاف ویکسین کی کامیابی نمایاں ہے۔

بدھ کو شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر صحت نے بتایا کہ ڈریپ کی ریگولیشن کے بغیر کوئی دوائی نہیں خریدی جا سکتی اور نہ ہی کوئی دوائی خریدی گئی ہے اس لئے جعلی میڈیسن نہیں آسکتی،اگر کسی رکن کے پاس ایسے ثبوت ہیں تو آگاہ کریں نوٹس لیں گے۔شہریار آفریدی کے سوال کے جواب میں مصطفی کمال نے بتایا کہ پاکستان میں نرسنگ کونسل کی منظوری کے بغیر داخلے دے دیتے ہیں،کونسل سے منظوری لینے کا ایک طریقہ کار ہے تاہم بغیر منظوری داخلے دینے کے بعد طلبا کو لاکر نرسنگ کونسل کے باہر احتجاج کرائے جاتے ہیں تاہم ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد ہم اس کے ذمہ دار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ طالب علم داخلہ لینے سے پہلے نرسنگ کونسل سے اس ادارے کی منظوری دیکھیں،اس کے بغیر داخلہ نہ لیں۔شائستہ پرویز ملک کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 13 بیماریوں سے بچائو کی ویکسین ہورہی ہے،سروائیکل کینسر کی ویکسین کو پاکستان میں کامیاب ترین قرار دیا گیا ہے۔شروع میں اس کے خلاف منفی ہروپیگنڈا کیا گیا تاہم بعد میں تمام تحفظات دور کئے گئے اور اب یہ کامیاب ترین مہم ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ماہرینِ نفسیات کی کل تعداد تقریباً 804 ہے۔ ملک بھر کے مختلف طبی اداروں میں اعلیٰ سطح کے شعبہ جات قائم ہیں، جو اس شعبے میں افرادی قوت کی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،جہاں تک قانون سازی کے نفاذ کی صورتحال کا تعلق ہے

”مینٹل ہیلتھ آرڈیننس 2001” نے ایک قومی ڈھانچہ فراہم کیا تھا تاہم 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صحتِ عامہ بشمول ذہنی صحت ایک صوبائی موضوع بن گیا جس کے نتیجے میں سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا نے بالترتیب 2013، 2014 اور 2017 میں اپنے اپنے ”مینٹل ہیلتھ ایکٹس”وضع کر لیے ہیں۔اس قانونی پیش رفت کے باوجود ان قوانین پر عملدرآمد تاحال تسلی بخش نہیں۔ نفاذ کے محدود ذرائع، اداروں کی ناکافی استعدادِ کار اور بنیادی نظامِ صحت میں ذہنی صحت کے عدم انضمام کی وجہ سے اس سلسلے میں خاطر خواہ نتائج حاصل کرنے میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں