ڈاکٹر فاروق ستار 13

نئے انتظامی یونٹس کا فارمولا آخری مرحلے میں داخل، مارچ تک قیام ممکن ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی اور پاکستان کی حقیقی بقا اور ترقی نئے انتظامی یونٹس کے قیام میں مضمر ہے، جبکہ عوامی بیداری اس تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا فارمولا آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ سال مارچ تک ان کے وجود میں آنے کے امکانات ہیں۔

وہ گلشنِ اقبال بلاک 10 میں گلشن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام ریحان سوسائٹی میں منعقدہ نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختر، کامران فاروقی، خالد سلطان اور علاقہ معززین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ویتنام کی برآمدات 15 ارب ڈالر سے بڑھ کر 400 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ پاکستان آج بھی تقریباً 30 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ معاشی مشکلات اور قرضوں کے بوجھ کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق موروثی سیاست اور اجارہ داری نے نظام کو متاثر کیا ہے، جبکہ کراچی کو پانی کی فراہمی اور کے فور منصوبے میں تاخیر بھی سنگین مسائل ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 14 سے 18 سال کے دوران کراچی کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے کوئی نمایاں اضافہ نہیں ہوا اور کے فور منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے کراچی سمیت لاڑکانہ، دادو، نوابشاہ، سکھر اور حیدرآباد کے عوام کو یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویڑن کی سطح پر انتظامی خودمختاری سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے اور منتخب نمائندے عوام کو جواب دہ ہوں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز کی حمایت کے لیے عوامی ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں اور شارع فیصل پر اہل خانہ کے ساتھ جمع ہو کر اپنی رائے کا اظہار کریں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ پورے صوبے اور ملک کی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ عوامی حمایت اور بیداری کے ذریعے اس فارمولے کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں