ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے انکشاف کیا ہے کہ ماڈلنگ میں قدم رکھنے کا فیصلہ میری زندگی کا ایک اچانک اور غیر متوقع موڑ تھا، جس نے بعد ازاں مجھے اداکاری کی دنیا تک پہنچا دیا۔
اپنے ماڈلنگ کیریئر کے آغاز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کریتی سینن نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ میرا قد اور جسمانی ساخت ماڈلنگ کے لیے موزوں ہے، تاہم اس وقت میں نے کبھی اداکارہ یا ماڈل بننے کا نہیں سوچا تھا۔کریتی سینن نے کہا ہے کہ میں نے صرف تجربے کے طور پر ماڈلنگ آزمانے کا فیصلہ کیا اور ایک فریش فیس مقابلے میں اپنی تصاویر بھیج دیں، یہ تصاویر میری بہن نے کھینچی تھیں اور بغیر کسی خاص توقع کے انہیں مقابلے میں جمع کرا دیا، جہاں حیران کن طور پر میرا انتخاب ہو گیا۔اداکارہ نے بتایا کہ میرے ماڈلنگ کے فیصلے پر میرے والد ابتدا میں کچھ ہچکچاہٹ کا شکار تھے کیونکہ میں پڑھائی میں بہت سنجیدہ اور محنتی طالبہ رہی تھی، میرے والد کو خدشہ تھا کہ ماڈلنگ میری تعلیم میں خلل کا باعث بن سکتی ہے، تاہم والدہ نے اس موقع کی حمایت کرتے ہوئے مجھے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔
کریتی سینن کا کہنا ہے کہ ٹی وی اشتہارات میں کام کے دوران مجھے احساس ہوا کہ مجھے کیمرے کے سامنے رہنا اور اداکاری کرنا پسند ہے، یہی تجربہ رفتہ رفتہ اداکاری کو بطور پیشہ اختیار کرنے کی خواہش میں تبدیل ہو گیا۔اداکارہ نے بتایا کہ بعد ازاں میں نے ہندی فلم انڈسٹری میں قسمت آزمانے کے لیے ممبئی کا رخ کیا اور یوں میرے بالی ووڈ سفر کا آغاز ہوا۔واضح رہے کہ کریتی سینن نے 2014 میں تیلگو فلم سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے معروف اداکار مہیش بابو کے مدِمقابل مرکزی کردار ادا کیا تھا، بعد ازاں وہ بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراں میں شامل ہو گئیں۔









