ہمایوں اختر خان 13

ملک کو معاشی استحکام اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ (رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت متعدد معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قومی سطح پر ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی جس میں معاشی بحالی، عوامی خوشحالی اور ملکی مفادات کو اولین ترجیح حاصل ہو،معیشت کی مضبوطی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، اس لیے معیشت میں حصہ ڈالنے والے تمام پیداواری شعبوں کو ریلیف دینا ہوگا، خصوصاً زراعت اور کسانوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 97 کے دورے کے دوران علاقہ عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتوں کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان اور ان کی ٹیم کی جانب سے چک نمبر 53/4 ٹکڑا میں بجلی کے مسائل کے حل کیلئے دو ٹرانسفارمر زبھی نصب کروائے گئے۔ علاقے میں آمد پر عوام نے ان کا پرتپاک استقبال اور ان سے بھرپور اظہار تشکر کیا ۔اس موقع پر ناصر عباس دلو ،مہر امتیاز شیخانہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ہمایوں اختر خان نے دورے کے دوران مقامی عمائدین سے ملاقاتیں کیں اور حلقے کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات، حلقے کی ترقیاتی ضروریات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مختلف مقامات پر مرحومین کے گھروں میں گئے اور ورثاء سے تعزیت اور دعائے مغفرت بھی کی۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور حلقے کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔ ملاقاتوں میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مقامی سطح پر موثر نمائندگی، عوامی رابطوں اور بلدیاتی نظام پر گفتگو ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں