محمد جاوید قصوری 56

ملک و قوم اس وقت شدید بحرانوں کی زد میں ، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم اس وقت شدید بحرانوں کی زد میں ہیں ، عوام کی کمر مہنگائی نے توڑ دی ہے،آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں ، کرپشن نے ملکی معیشت کو بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے ، ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شہباز حکومت ان اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہتی ہے تاکہ اپنی جان چھڑا سکے۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے لاہور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ دورے کے دوران انہوں نے زون وائز عوامی کمیٹیوں کے اہداف کا جائزہ لیا، امیر صوبہ نے مقررہ وقت میں اہداف کے حصول کے لیے جدوجہد تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں، اجلاس میں اجتماع کی تیاریوں کے حوالے سے بھی مشاورت اور منصوبہ بندی کی گئی، اس موقع پرڈاکٹر عطاء اللہ حمید، جاوید اقبال سعید، ضلعی نظم ، امرائے زون اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن دیر سے لیکر پنجاب تک جہاں بھی سیلاب موجود ہے وہاں شب و روز کام کر رہی ہیں، سیلاب سے متاثرہ ہر فرد تک پہنچ کر اس کو رسکیو کرنا، امداد پہنچا نا اور اس کی مکمل بحالی تک مصروف عمل ہیں۔ ہم سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ راوی اور ستلج میں بھارت نے کی جانب سے آنے والے سیلابی پانی نے لاکھوں افراد کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے،حکومت خطرات کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 21 سے 23 نومبر تک لاہور میں عظیم الشان اجتماع عام منعقد کرے گی، یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا جس میں لاکھوں افراد پورے پاکستان سے شرکت کریں گے، اس پروگرام میں نوجوانوں کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جائے گا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوا لے سے مزید کہا کہ نوجوان مایوس ہو چکے ہیں کیونکہ نوکریاں نہیں، کوئی مستقبل نہیں، ملک میں غریب کے لیے تعلیم کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔رواں سال کے دوران 16لاکھ افراد ملک سے باہر چلے گئے ہیں جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ برن ڈرین کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں