سیف الملوک کھوکھر 12

مقدس مقامات کیخلاف جارحیت ناقابل قبول ہے’ سیف الملوک کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے مکہ مکرمہ کی طرف حوثی گروپ کے ڈرون بھیجنے کے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کی طرف کسی بھی قسم کی جارحیت یا خطرہ ناقابل قبول ہے،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پوری امت مسلمہ کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتے ہیں، ان کی حرمت اور سلامتی پر پوری امت متحد ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کی حفاظت اور حجاج و زائرین کا تحفظ ہر مسلمان کے جذبات سے جڑا معاملہ ہے۔ عالمی برادری اور مسلم ممالک کو مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے مشترکہ اور موثرکردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات خطے کے امن و استحکام کیلئے بھی تشویش کا باعث ہیں اور ان کا تدارک ضروری ہے۔علاوہ ازیں حلقے کے لوگوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جیسے اقدامات عوامی مشکلات کم کرنے کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

حکومت کی کوشش ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات کے ثمرات بتدریج عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتیں ساری دنیا کے لئے مشکلات کا باعث ہیں اور پاکستان بھی ان حالات سے متاثر ہو رہا ہے ،حالات بہتر ہوتے ہی پیٹرولیم کی قیمتیں اپنی اصل جگہ پر واپس آ جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں