لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ معرکہ حق قومی دفاع کا ایک ایسا روشن باب ہے جسے تاریخ ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی، بھارت نے ایک بار پھر دیکھ لیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط، باصلاحیت اور محب وطن ہاتھوں میں ہے جبکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 مئی کے بعد ہندوستان کا غرور خاک میں مل چکا ہے اور مودی حکومت کی تمام سازشیں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام کے ڈرامے کو جواز بنا کر خطے میں جارحیت، اشتعال انگیزی اور جنگی جنون کو فروغ دینے کی کوشش کی، مگر ہمارے بہادر سپوتوں نے نہایت حکمت، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جسے پوری دنیا نے دیکھا۔ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پوری پاکستانی قوم اپنے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہدا قوم کا فخر اور سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں بدامنی پیدا کرنے کے لیے مسلسل مختلف سازشوں میں مصروف ہے۔ بالخصوص بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے شواہد پوری دنیا کے سامنے آ چکے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے دہشت گرد نیٹ ورکس کے ذریعے بلوچستان میں حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کیا جا سکے۔ کلبھوشن یادیو نیٹ ورک اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کی سرپرستی کرتا رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی دہشت گردی اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی سازشوں کا نوٹس لے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔









