سکول ایجوکیشن 42

محکمہ سکول ایجوکیشن کے بجٹ میں 170 ارب روپے اضافے کی تجویز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں محکمہ سکول ایجوکیشن کیلئے 170 ارب روپے بجٹ مختص کرنے کی تجویز تیار کر لی۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال میں محکمہ سکول ایجوکیشن کا بجٹ 100 ارب روپے ہے جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں 70 ارب روپے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے طالبات کو مفت یونیفارم فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ بچیوں کے لیے مفت سائیکل سکیم شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ ان کی سکولوں تک رسائی بہتر بنائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق آؤٹ سورس سکولوں کے لیے 40 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پنجاب ایجوکیشن مینجمنٹ اتھارٹی (پیما) کے لیے 5 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ تجاویز میں نئے کلاس رومز کی تعمیر، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے خصوصی فنڈز شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں بچیوں کی تعلیم اور سکولوں میں سہولیات کی بہتری کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں