لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی کو رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
لاہور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم آپ کے گریبانوں تک پہنچیں گے، کیونکہ قوم کا جو بھی پیسہ ہے وہ عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی ہے، اسے رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور ان پر کھربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، ان منصوبوں میں کسان کارڈ، اپنی چھت اپنا گھر سکیم، سڑکوں کی تعمیر، میٹرو منصوبے، گرین بسیں اور ٹرین سسٹم سمیت مختلف شعبوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو بہتر سفری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جبکہ کسانوں اور کم آمدنی والے افراد کے لیے بھی مختلف فلاحی پروگرام جاری ہیں۔
مرہم نواز کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ کے ذریعے صوبے کے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے ذریعے لوگوں کو گھر بنانے میں مدد دی جارہی ہے، تاہم کسان کارڈ کے ذریعے لاکھوں کاشتکار مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے وسائل کو عوام ہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے کرپشن کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ شفافیت اور میرٹ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے پیسے کے ایک ایک روپے کا تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو قومی وسائل میں خیانت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔








