ڈاکٹر عشرت العباد خان 4

پہلے ریاست، بعد میں سیاست، سیاسی جماعتیں قومی مفاد کو مقدم رکھیں، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان(ایم پی پی)کے روح رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں سیاسی کشیدگی، دھرنوں، احتجاج اور انتشار سے بچانے کے لیے قومی اتفاق رائے اور سیاسی مکالمے کو فروغ دینا ہوگا، سیاسی جماعتیں الزام تراشی کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دیں۔

”پاکستان ایک عظیم ریاست” کے موضوع پر خصوصی لیکچر سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کیے ہیں، قومی سلامتی اور ملکی استحکام کے معاملے پر پوری قوم کو متحد رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی قوتیں احتجاجی سیاست کے بجائے مذاکرات اور سیاسی مکالمے کا راستہ اختیار کریں۔ ملک کو نفرت، الزام تراشی اور سیاسی انتشار کے بجائے اتحاد، برداشت اور استحکام کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے کے مسائل کو یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔ ایک چینل مسلسل پنجاب کو ہدف بنا رہا ہے، اگر ہمت ہے تو کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ کی گلی گلی کی صورتحال بھی عوام کو دکھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ سمیت پورے سندھ کے مسائل بھی قومی توجہ کے مستحق ہیں۔

انہوں نے ملک بھر میں اتفاق رائے سے نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر انتظامی نظام کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں قوم پرست قوتوں سمیت تمام سیاسی حلقوں کو نفرت کے بجائے مثبت اور تعمیری سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری عوام کی رائے کو فیصلوں میں اہمیت دینے کے اپنے مؤقف پر قائم رہیں۔ ہم اتفاق رائے سے 28ویں آئینی ترمیم کے حامی ہیں اور قومی معاملات پر وسیع تر سیاسی مشاورت ضروری سمجھتے ہیں۔کراچی کے مینڈیٹ پر سوال اٹھانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ شہری علاقوں کو تنہا نہ سمجھا جائے، ہم عوام کے درمیان موجود ہیں۔

کراچی کے شہریوں کے مسائل، احساسات اور مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا راستہ نفرت نہیں محبت، جنگ نہیں امن اور ہتھیار نہیں بلکہ قلم ہے۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ”پاکستان بنانے والے ہیں، پاکستان بچائیں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے”۔ قومی سلامتی اور ملکی دفاع کے معاملے پر قوم کو متحد ہوکر اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔اس موقع پرایم پی پی مرکزی کمیٹی کے انچارج نہال احمد صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان ملک اور نوجوانوں کے لیے ایک اہم قومی آواز بن چکے ہیں، ان کی سیاسی سوچ میں پاکستان اور آنے والی نسلوں کا مستقبل مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

نہال احمد صدیقی نے کہا کہ ”سیاست میں شرافت، پہلے ریاست اور بعد میں سیاست” ہماری بنیادی سوچ اور نعرہ ہے۔ پاکستان کو نفرت، تقسیم اور الزام تراشی نہیں بلکہ برداشت، قومی یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میری پہچان پاکستان نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے، سیاسی شعور اجاگر کرنے اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان سب کا ہے، ملک کی مضبوطی کے لیے ہر طبقے، صوبے اور علاقے کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ قومی اتفاق رائے، سیاسی برداشت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہی مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں