بجٹ 9

مالی سال 2026-27 کا آغاز، بجٹ میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد شروع

اسلام آباد: (رپورٹنگ آن لائن) نئے مالی سال 2026-27 کے آغاز کے ساتھ ہی وفاقی بجٹ میں کیے گئے ٹیکس اور ٹیرف سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن (ایس آر او) جاری کر دیا۔

ایف بی آر کے مطابق ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 50 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ 5، 2 اور ایک فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی والی مخصوص ٹیرف لائنز کو اس کمی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمدات اور مقامی صنعت کے تحفظ سے متعلق اشیا پر عائد موجودہ کم شرح ریگولیٹری ڈیوٹی برقرار رہے گی، تاکہ صنعتی شعبے اور برآمدی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔

ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام قومی ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت اٹھایا گیا ہے، حکومت 2030 تک ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار مکمل طور پر ختم کرنے اور ٹیرف نظام کو مزید سادہ اور شفاف بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کے دوسرے سال میں بھی ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرحوں میں مزید ردوبدل کیا جائے گا، جبکہ اس فیصلے سے درآمدی رکاوٹوں میں کمی، کاروباری مسابقت میں اضافہ اور ملکی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں