ہائیکورٹ 16

لاہور ہائیکورٹ میں مغوی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ملتوی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے مغوی علی حسن کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پولیس کو مزید مہلت دے دی اور کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے مغوی کے اہل خانہ کو فوری طور پر ڈی این اے سیمپل فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت آئی جی پنجاب کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقدمے کی تفتیش تبدیل کر دی گئی ہے جبکہ ایک ملزم عبداللہ کو ٹریس کر لیا گیا ہے جو اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق یو اے ای پولیس اس کے وارنٹ بھی جاری کر چکی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پولیس کے پاس ایسا میکانزم موجود ہے جس کے ذریعے کسی شخص کی وفات کی صورت میں اس کا سراغ لگایا جا سکے۔

اس پر سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اگر درخواست گزار خاندان کا کوئی فرد ڈی این اے سیمپل فراہم کرے تو اس پہلو سے بھی تحقیقات کی جا سکتی ہیں۔عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے تعاون کرے کیونکہ اس سے تفتیش میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں