ہرمن کروئس 11

قومی کھیل کی بحالی کا مشن، ہرمن کروئس ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر

لاہو (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی کی بحالی اور ترقی کے مشن کے تحت ہالینڈ کے مایہ ناز ہاکی کوچ ہرمن کروئس کو قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق ہرمن کروئس کی تقرری ابتدائی طور پر دو سال کیلئے کی گئی ہے۔

ہرمن کروئس پاکستان میں ہاکی کے مجموعی نظام کو مضبوط بنانے، جدید کوچنگ کے طریقہ کار متعارف کرانے اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے کام کریں گے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ڈچ ماہر سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کیلئے ایک جامع ہائی پرفارمنس فریم ورک تیار کریں گے تاکہ مستقبل میں قومی ٹیموں کی کارکردگی کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔

ہرمن کروئس آئندہ ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے، جبکہ ورلڈ کپ کے بعد وہ ایشین گیمز اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاریوں کی قیادت بھی سنبھالیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں