سرفراز بگٹی 14

قلعہ سیف اللہ میں اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل ارادے کی عکاس ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کارروائی سے دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر اقدامات کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے.

بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشت گردوں، ان کے مالی معاونین اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں ناگزیر ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں