مصطفی کمال 42

فنڈز کے شفاف اور مو ثر استعمال سے ویکسین سے متعلق منفی رجحانات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ،سید مصطفی کمال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ فنڈز کے شفاف اور مو ثر استعمال سے نہ صرف مثبت تبدیلی ممکن ہے بلکہ ویکسین سے متعلق منفی رجحانات کا خاتمہ بھی کیا جا سکتا ہے۔وہ منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے ویکسین سے متعلق آگاہی مہم پر ہونے والے اخراجات اور اس کے حقیقی اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیرِ صحت نے اس بات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آگاہی مہم کا بنیادی مقصد ویکسین سے انکار کرنے والوں کی شرح میں کمی لانا اور عوام کے ذہنوں سے منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ کرنا ہے تاہم بھاری فنڈز کے استعمال کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کا موثر اور درست استعمال ریاست اور وزارتِ صحت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے متعدد اجلاس بھی منعقد ہو چکے ہیں۔

وزیرِ صحت نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے کا اصل ہدف لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے اور اس ضمن میں وزارتِ صحت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فنڈز کے شفاف اور مو ثر استعمال سے نہ صرف مثبت تبدیلی ممکن ہے بلکہ ویکسین سے متعلق منفی رجحانات کا خاتمہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ویکسین سے متعلق عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے اور شفافیت، احتساب اور نتائج پر مبنی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ڈی جی ہیلتھ اور ڈی جی ایف ڈی آئی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں