مراد علی شاہ 11

عالمی یوم طلبہ پر وزیراعلیٰ سندھ کا طلبہ کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم طلبہ کے موقع پر طلبہ کی جدوجہد، قربانیوں اور جمہوریت کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نازی آمریت کے خلاف آواز بلند کرنے والے طلبہ کی قربانیاں تاریخ کا اہم باب ہیں۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ طلبہ نے دنیا بھر میں جمہوریت، آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستانی طلبہ نے بھی جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف چلنے والی تحریکوں میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ طلبہ تنظیموں نے جنرل ضیاء الحق کے دورِ آمریت کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔

گرفتاریوں، تشدد اور سزاؤں جیسی مشکلات کے باوجود طلبہ کارکن اپنے مؤقف پر قائم رہے اور جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جمہوری حقوق کے حصول کے لیے طلبہ کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم حصہ ہے، جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طلبہ سیاست سے وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے میں ایشیائی طلبہ کی نمائندگی کے حوالے سے بھی کردار ادا کیا۔ مراد علی شاہ نے عالمی یوم طلبہ کے موقع پر طلبہ کی تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں