اعداد و شمار 6

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ، پانچ فیصد تک مہنگا

لندن(رپورٹنگ آن لائن)مشرقِ وسطی میں جاری عسکری کشیدگی اور خلیجی بندرگاہوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث بین الاقوامی توانائی کی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک پانچ فیصد سے زائد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لندن اور نیویارک کی تجارتی منڈیوں سے جاری ہونے والی اقتصادی رپورٹ کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کو خدشہ لاحق ہو گیا کہ اگر خطے میں مسلح تصادم مزید پھیلا تو تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک سے عالمی منڈیوں تک تیل کی ترسیل کا نظام بری طرح مفلوج ہو جائے گا۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اس اچانک اچھال کے براہ راست منفی اثرات ترقی پذیر اور یورپی ممالک کی معیشتوں پر مرتب ہوں گے جس سے مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم کے حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب کر لیا تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی طلب اور رسد کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں پر غور کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں