سرفراز بگٹی 8

طوزیراعلیٰ بلوچستان کی پاکستان رینجرز سندھ کیمپ پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیر اعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے رینجرز کے جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے ماتھے کا جھومر رہیں گی۔

انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کی دعا کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم ایک صفحے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے ہر منصوبے کو آہنی عزم، قومی اتحاد اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے، ریاستی پالیسی اور سیکیورٹی فورسز کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں