مولانا فضل الرحمان 12

طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی’فضل الرحمان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم صوبے بنانے کے خلاف نہیں،صوبے یا یونٹس بنانے پر بحث ہونی چاہیے ،وقت اور حالات دیکھ کر فیصلہ کرنا چاہیے ،سیاسی جماعتوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صرف سندھ کی حد تک بات کرتی ہے، مسلم لیگ (ن)اس معاملے پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر ایک قوم نہیں بنا سکے، یہاں لسانیت کی بنیاد پر فسادات کرائے گئے، ہم نے پاکستان کی اساس بیرونی قرضوں پر رکھی ہے،نوآبادیاتی نظام ختم ہوچکا لیکن بین الاقوامی ادارے آج ہمارے ملک کا فیصلہ کرتے ہیں، آج ہم ورلڈ بینک، آئی ایم ایف کے قرضوں کے محتاج بنادئیے گئے، ہماری معیشت کی پالیسیاں وہ طے کریں تو یہ نوآبادیاتی نظام کی ہی ایک شکل ہے۔

انہوںنے کہا کہ یہ عوام کا ملک ہے یہاں عوام نے رہنا ہے، ملک امن و امان سے طاقتور ہوتا ہے، یہاں تقسیم در تقسیم ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ہم پاکستان کے غریب انسان کو عزت کی زندگی دینا چاہتے ہیں، اشرافیہ کی سیاست اور جابرانہ سیاست نہیں چلے گی، طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی، ہم نے توہین رسالت کے قانون کے خلاف تمام تحریکوں کوناکام بنانا ہے۔انہوںنے کہا کہ طاقت کی بنیاد پر مسلط ہونے کی سیاست نہیں چلے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں