شیری رحمان 69

شیری رحمان کا سیلاب کے باعث 15 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان نے گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب کے باعث 15 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب بھر میں سیلابی تباہ کاریوں اور جانی نقصان پر دل شدید رنجیدہ ہے، متاثرین کے دکھ، پریشانی اور بے بسی کا مکمل ادراک ہے،مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد، پناہ، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ یہ وقت ہے کہ ہم بطور قوم یکجہتی، ہمدردی اور ایثار کا مظاہرہ کریں، ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بن کر اس آزمائش کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ شیری رحمان نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد، پناہ، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، عوام بالخصوص نوجوان آگے بڑھیں، متاثرین کے لیے ریلیف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کوئی بھی فرد اس آزمائش میں تنہا نہ رہے۔

شیری رحمان نے کہاکہ پنجاب کے وسطی علاقوں میں سیلاب نے 769 دیہات کو لپیٹ میں لے لیا ہے، 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، یہ وقت قومی اتحاد، یکجہتی اور عملی تعاون کا ہے، ہمیں اختلافات بھلا کر اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے ایک ہو جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب جیسے خطرناک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں پائیدار، لچکدار اور جدید انفراسٹرکچر کی شدید ضرورت ہے، مستقبل میں اس طرح کی سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے ہمیں طویل مدتی منصوبہ بندی، بہتر ڈرینیج، مضبوط پشتوں اور محفوظ رہائشی منصوبوں کی طرف بڑھنا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ ریسکیو 1122، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، جو اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت میں مصروف ہیں، ان بہادر اہلکاروں کی محنت، فرض شناسی اور قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ قومی عزم، جذبے اور باہمی تعاون سے ہم جلد اس بحران سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں