مراد علی شاہ 9

شہدائے کارساز کی قربانیاں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کا باعث بنیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 18 اکتوبر کے شہدائے کارساز کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر ملک میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ 18 اکتوبر 2007 کا دن ملکی تاریخ میں جمہوریت کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے تاریخی استقبال کے لیے آنے والے نہتے جیالوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی تھی۔ دھماکوں کے باوجود جیالوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حفاظت کی اور اپنے خون سے شجاعت اور وفاداری کی نئی داستان رقم کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کے مشن پر کاربند ہے، جبکہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ان کے جمہوری سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ کارساز کا غم آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں تازہ ہے۔ انہوں نے سانحے کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں