کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چائولہ، صوبائی وزیر ترقیِ نسواں شاہینہ شیرعلی اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے صحت عامہ انجینئرنگ و دیہی ترقی محمد سلیم بلوچ نے سانحہ کارساز کی 19ویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہدائے کارساز کا لہو جمہوری جدوجہد کی امانت ہے۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی عوام کی جمہوری امنگوں کی ترجمانی تھی، تاہم دہشت گردی عوام کے جمہوری عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہداء کے مشن کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ ان کے مطابق شہدائے کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ جمہوریت اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔مکیش کمار چائولہ نے کہا کہ شہدائے کارساز نے دہشت گردی کے خطرے کے باوجود اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا اور انہیں اپنے حفاظتی حصار میں لیے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی قائد سے محبت میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا یہ واقعہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مکیش چاولہ نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن شہداء کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔شاہینہ شیر علی نے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔
18 اکتوبر 2007ء کو جمہوریت پسند عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکن اپنی قائد کے استقبال کے لیے قافلے میں شریک تھے اور خطرات کے باوجود انہیں حفاظتی حصار میں لیے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی قربانیاں اور دہشت گردی کے منصوبے کے سامنے ان کی استقامت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔محمد سلیم بلوچ نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ء کا سانحہ پاکستان کی جمہوری جدوجہد کا المناک باب ہے۔ اس روز جیالے جمہوریت کی بقا کے لیے اپنے گھروں سے نکلے اور دہشت گردی کے خطرے کے باوجود خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں نے اپنی قائد کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور شہدائے کارساز کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔









