جنرل ہسپتال 204

سیکرٹری صحت کا لاہور جنرل ہسپتال اور نیورو انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، پرنسپل و ای ڈی کی بریفنگ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن علی جان خان نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، صوبے میں علا ج معالجے کی سہولیات کو مثالی بنانے کے لئے ہم سب کوشاں ہیں تاکہ عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات با آسانی میسر آ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، ریڈیالوجی،فزیو تھراپی، ٹیلی میڈیسن سمیت دیگر شعبوں میں مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج ایل جی ایچ جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے سیکرٹری صحت کو انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی کارکردگی کے حوالے سے بریف کیا۔ مختلف شعبوں کے پروفیسر صاحبان، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم و انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے جنرل ہسپتال ایووننگ آؤٹ ڈور شفٹ میں مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ جو صبح کے اوقات میں اپنے طبی معائنے کیلئے ہسپتال نہیں آ سکتے ان کے لئے ایووننگ آؤٹ ڈور شفٹ کسی نعمت سے کم نہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے سیکرٹری صحت کو بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پونے22لاکھ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ کورونا کے دوران لاکھوں مفت ٹیسٹ کیے گئے اور ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس نے فرنٹ فٹ پر رہ کر اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر علاج معالجہ کیا۔ سیکرٹری علی جان خان نے نیورو انسٹی ٹیوٹ ایمرجنسی کو دیگر ہسپتالوں کے لئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ” پنز” ایمرجنسی بہترین انتظامات کی بدولت برین ٹیومر، دماغی امراض اورہیڈ انجری کے مریضوں کی جان بچانے اور صحت یابی کے لئے یہ شعبہ انتہائی جاں فشانی کے ساتھ کام کر رہا ہے۔سیکرٹری صحت نے دونوں اداروں کے سربراہوں کو یقین دلایا کہ پی جی ایم آئی، ایل جی ایچ، ا ے ایم سی او رپنز کو جو مسائل درپیش ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا ئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں