لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ اللہ تعالی انسان کی محنت اور نیت کا بہترین صلہ دیتا ہے،ایک وقت تھا جب میں اپنے پسندیدہ فنکاروں کو بڑی عقیدت سے دیکھا کرتا تھا اور پھر ایک وقت وہ بھی آیا کہ انہی کے ساتھ ساتھ کام کرنے اور دوستی کا اعزاز حاصل ہوا۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا سب سے خوبصورت احساس یہ ہے کہ جن فنکاروں کو کبھی پردہ سکرین پر دیکھ کر ان کا مداح تھا، وقت نے مجھے انہی کے ساتھ کام کرنے اور دوستی کا موقع بھی دیا۔ محمد علی میرے آئیڈیل تھے، ایک دفعہ فلم دیکھنے سینما گیا تو داخلی ہال میں آویزاںفلم کے فوٹو سیٹ میں سے ایک تصویر چوری کر کے گھر لے گیا ، ایک بار محمد علی کسی تقریب میں آئے تو میں نے اسی تصویر پر ان سے آٹوگراف بھی لیا، اسی طرح ندیم بیگ بھی میرے پسندیدہ تھے اور بعد میں ان سے بھی دوستی ہو گئی ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی میرے لیے یادگار رہا۔ انہوں نے نہ صرف میری عزت کی بلکہ ہر موقع پر میرا بہت خیال رکھا،میرے نزدیک عزت، محبت اور اچھے تعلقات ہی وہ سرمایہ ہیں جو انسان کو ہمیشہ یادگار بنا دیتے ہیں۔









